ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نئی میئر گنگامبیکا ملیکارجن کی توجہ گندگی کی نکاسی اور تحفظ ماحولیات پر ہوگی

نئی میئر گنگامبیکا ملیکارجن کی توجہ گندگی کی نکاسی اور تحفظ ماحولیات پر ہوگی

Sat, 29 Sep 2018 11:44:59    S.O. News Service

بنگلورو، 29؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر کی نئی میئر گنگامبیکا ملیکارجن نے کہا ہے کہ میئر بننے کے بعد ان کی اولین توجہ شہر میں گندگی کی نکاسی کے مسائل کی یکسوئی اور شہر میں تحفظ ماحولیات کی طرف توجہ دینے پر مرکوز رہے گی۔ میئر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی اخباری کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ شہر میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جو سروے کیاگیا ہے، اس کی بنیاد پر بڑے نالوں پرغیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کے کاموں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

شہر میں آئے دن موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آرہے ہیں ، اس مسئلے کو مستقل طور پر سلجھانے کی طرف خصوصی توجہ کے ساتھ کام کیا جائے گا۔ شہر میں جابجا آوارہ کتوں کے حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے میئر نے کہاکہ اس صورتحال کو موثر طور پر قابو میں کرنے کی جانب توجہ دی جائے گی۔ میئر کے طور پر ان کا انتخاب یقینی بنانے پر انہوں نے سابق وزیراعلیٰ سدرامیا، نائب وزیراعلیٰ پرمیشور ، اراکین پارلیمان واسمبلی اور سبھی کارپوریٹروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیر برائے ترقیات بنگلور ونائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور کی رہنمائی کے مطابق شہر کو ترقی کی جانب لے جانے کے لئے تمام کو اعتماد میں لے کر وہ کام کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے شہر میں جتنے بھی مارکیٹ قائم کئے گئے ہیں ان مارکیٹوں سے بی بی ایم پی کو ہونے والی آمدنی میں اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔ بی بی ایم پی کے امور پر دو خواتین کے غالب رہنے کے متعلق گنگامبیکا نے بتایا کہ دونوں خواتین مل کر شہر کو نہ صرف ترقی کی جانب لے جانے کی جدوجہد کریں گی بلکہ اپنے سینئروں سے مشورے کرکے یہاں کے بلدی مسائل کو موثر پیمانے پر سلجھانے کے لئے کام کریں گی۔ 


Share: